مناظر اسلام حضرت مولانا سید طاہرگیاوی صاحب کا انتقال علمی دنیا کا بڑا خسارہ: مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی
پٹنہ 10 جولائی (عبدالرحیم برہولیاوی/پریس ریلیز)
مناظر اسلام، فقہ حنفی اور مسلک دیوبند کے ترجمان معروف علمی شخصیت حضرت مولانا سید طاہرگیاوی صاحب کے انتقال پر اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے امارت شرعیہ کے نائب ناظم اور وفاق المدارس الاسلامیہ کے ناظم اعلیٰ مولانا مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی صاحب نے ان کے انتقال کو علمی دنیا کا بڑا خسارہ قرار دیا ہے.آپ نے کہا کہ حضرت مولانا طاہر گیاوی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے نصف صدی سے زائد عرصہ تک پوری دنیا میں فقہ حنفی اور مسلک دیوبند کی ترجمانی کی اور اپنی پوری زندگی اس کام کے لیے وقف کر دیا. اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس حوالے سے بڑی مقبولیت اور محبوبیت عطا کی تھی.
آپ کا خطاب بڑا پر اثر اور دلائل و براھین سے پر ہوتا،علمی اور فقہی نکات سے بھر پور اور مسکت جواب سے وہ مخالفین کو لا جواب کر دیا کرتے تھے، اللہ نے آپ کو زبان و قلم کا یکساں ملکہ دیا تھااور ایک لمبی مدت تک آپ نے اپنی تقریر و تحریر کے ذریعہ فقہ حنفی خاص کر مسلک دیوبند کا مضبوط دفاع کیا.
ان کے انتقال سے علمی دنیا میں ایسا خلاء پیدا ہو گیا ہے جس کی تلافی میں بڑا وقت لگے گا، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے سرفراز کرے، پسماندگان کو صبر جمیل اور ملت کو نعم البدل عطا فرمائے آمین