آنکھوں سے غائب ہو رہی نیندیں | نیند نہیں آنے کا سبب | نیند کی بیماری
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
نیند سے ہمارے جسم کو راحت ملتی ہے اور تکان دور ہوتی ہے- کام کرنے کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے اور من میں فرحت و مسرت کا نفوذ ہوتا ہے، لیکن ایک سروے کے مطابق ۲ئ۹ کروڑ ہندوستانیوں کو اچھی نیند نہ آنے کا شکوہ ہے-
آنکھوں سے غائب ہو رہی نیندوں کے پیچھے اپنا ہی کیا دھرا کام کر رہا ہے- ذہنی تناؤ، رات کو دیر تک جاگنا اور سونے سے قبل دیر تک اسمارٹ فون پر آنکھ گڑا کر سوشل میڈیا پر مشغول رہنا اس کا برا سبب ہے- ایک تحقیق کے مطابق ہندوستان کے ۵۹؍ فی صد لوگ گیارہ بجے رات کے بعد ہی بستر پر جاتے ہیں اور ان میں سے اٹھاسی (۸۸) فی صد لوگ سونے سے قبل موبائل کا استعمال کرتے ہیں- اس سے نیند پر اثر پڑتا ہے اور بہت سارے لوگ کروٹ بدل بدل کر رات گذارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
اس صورت حال کی وجہ سے میڈیکل سائنس نے ایک بڑا بازار نیند لانے اور گہری نیند سلانے کے لیے سجا لیا ہے- اس وقت صرف نیند لانے کے لیے جو سامان بازار میں دستیاب ہے وہ ۲۰۲۱ء میں ۳ء ۷۴ بلین امیریکی ڈالر کا تھا- اندازہ ہے کہ ۲۰۳۰ء تک یہ مارکیٹ تقریبا ۹۷ء ۱۲۴ ملین امریکی ڈالر تک پہونچ جائے گا اور تب کہنا چاہیے کہ نیند آئے گی نہیں بلکہ خریدی جائے گی-
ہمارے بچوں کو سلانے کے لیے مائیں، دادیاں، وغیرہ لوریاں سناتی تھیں اور بچہ ان لوریوں کو سن کر سو جاتا تھا- یہ لوریاں الگ الگ علاقوں میں الگ الگ ہوتی تھیں- ایک لوری بہت مشہور تھی’’ آجورے نینیا، بچے کو سلادے، آدھی روٹی روز دیو ٹکری مہینہ، مسلم گھروں میں حسبی ربی جل اللہ مافی قلبی غیر اللہ پڑھ کر بچوں کو سلایا جاتا تھا-
اب دادی، ماں وغیرہ کے پاس وقت نہیں ہے- اب میوزک نکال دی گئی ہے- جسے سن کر نیند کی آغوش میں انسان چلا جاتا ہے- اسے لوفائی سلیپ میوزک کا نام دیا گیا ہے- دوائیاں، سلپنگ پیڈ، خواب آورپینٹس اور نیکر وغیرہ کی خریداری پر موٹی رقمیں خرچ کی جا رہی ہیں- اس کے باوجود رات آنکھوں آنکھوں میں کٹ جاتی ہے-
اسلام میں سونے کا جو طریقہ بتایا گیا ہے کہ با وضو سویا جائے- دائیں کروٹ سویا جائے- ایک خاص ہیئت اختیار کیا جائے اور زبان کو ذکر اللہ سے تر رکھا جائے تا آں کہ آنکھوں میں نیند بھر آئے اور آپ سوجائیں، تجربہ یہ بھی بتاتا ہے کہ آنکھوں کو بند کرکے درود شریف پڑھنا شروع کر دیجئے، آپ کا تناؤ دور ہوگا اور آپ تیزی سے نیند کی آغوش میں چلے جائیں گے- آزما کر دیکھیے، کسی بھی دوا اور سائنسی آلات سے یہ زیادہ مفید اور کارگر ہے-