رومان اشرف کی کامیابی | Bihar Board Topper Ruman Ashraf
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ
امسال میٹرک کے نتیجہ ٔ امتحان میں اسلامیہ ہائی اسکول شیخ پورہ کے رومان اشرف Ruman Ashraf نے پورے بہار میں ٹاپ کر کے ایک تاریخ رقم کی ہے- اس نے پانچ سو نمبر میں سے چار سو نواسی (489) 8ء 98 فی صد نمبرات حاصل کر کے سولہ لاکھ تیس ہزار چار سو چودہ شرکاء امتحان کو پیچھے چھوڑ دیا اور اپنی برتری اور سر فہرست ہونے کا جھنڈا گاڑ دیا- اس نے لڑکیوں کے سبقت لے جانے کی قدیم روایت کو بھی توڑ کر رکھ دیا اور ثابت کیا کہ لڑکے بھی پڑھنے میں دل لگاتے ہیں-
رومان ایک چھوٹے ضلع شیخ پورہ کے رہنے والے ہیں، لیکن ان کی سخت محنت اور آگے بڑھنے کے پختہ ارادے نے انہیں یہ دن دکھایا- ان کے گھر میں پڑھنے لکھنے کا ماحول تھا- وہ بھی ان کے جہد مسلسل میں معاون بنا- رومان اشرف کے والد ایک اسکول میں استاذ ہیں اور رومان نے اپنے والد کی نگرانی میں امتحان کی تیاری کی اور تمام لڑکوں کا وقار بلند کیا۔
ٹاپ۱۰؍ میں ایک نام نہا پروین Neha Praveen کا بھی ہے، اس کے والد شیخ خلیل درزی کا کام کرتے ہیں- نہا پروین نے پانچ سو میں چار سو تراسی (483) نمبر حاصل کیا- وہ میرٹ لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہے- وہ ٹی ایل ایم بالیکا انٹر اسکول گوگری کھگڑیا کی طالبہ تھی- اس نے چوتھی پوزیشن حاصل کر کے ثابت کر دیا ہے کہ غربت آگے بڑھنے میں رکاوٹ نہیں ہے-
حضرت امیر شریعت سادس مولانا سید نظام الدین صاحب ؒ فرمایا کرتے تھے کہ آج کے دور میں اگر کوئی نہیں پڑھ رہا ہے- تعلیم کے میدان میں آگے نہیں بڑھ رہا ہے تو یہ معاملہ بے کسی، بے بسی کا نہیں- بے حسی کا ہے، نہا پروین نے بڑی کامیابی حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اور ان کے والد غریب ضرور ہیں، لیکن بے حس نہیں ہیں- رومان اشرف اور نہا پروین کو یہ کامیابی مبارک ہو- امید کی جاتی ہے کہ اس کامیابی سے دوسرے لڑکے لڑکیوں کو بھی حوصلہ ملے گا اور وہ تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ کر بڑا نام کما سکیں گے۔
امسال بہار بورڈ کے امتحان میں 4ء 81 فی صد طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی جو گذشتہ سال کی بہ نسبت بہتر ہے-
چار لاکھ چوہتر ہزار چھ سو پندرہ فرسٹ ڈویزن، پانچ لاکھ گیارہ ہزار چھ سو تینتیس سکنڈ ڈویزن اور دو لاکھ ننانوے ہزار پانچ سو اٹھارہ نے تھرڈ ڈویزن سے کامیابی حاصل کی- جموئی ضلع نے اپنا جلوہ حسب سابق بر قرار رکھا ہے- سر فہرست دس میں بارہ اضلاع کے طلبہ و طالبات نے جگہ بنائی ہے، جس میں تینتیس لڑکیاں ہیں، دوسرے نمبر پر نمرتا اور گیانی انوپما ہیں- ان دونوں نے برا بر 486 یعنی ۷ء ۹۷ فی صد نمبرات حاصل کیے۔