روزے کی طبی فائدے و سماجی جہتیں | Roze ke medical benefits
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
رمضان المبارک کے روزوں کی اہمیت و افادیت مسلم ہے- اس کی اہمیت کی تین جہتیں ہیں، پہلی جہت یہ ہے کہ روزہ اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور اس کی ادائیگی تمام مسلمان، عاقل، بالغ، مقیم کے لئے ضروری ہے۔ حاملہ، دودھ پلانے والی، حیض و نفاس والی اور مسافر شرعی کے لئے روزہ کو موخر کرنے اور بعد میں ادائیگی کی گنجائش ہے- ان اعذار کی وجہ سے روزہ ساقط نہیں ہوتا، صرف رمضان میں نہ رکھ کر بعد کے دنوں میں رکھنے کی سہولت مل جاتی ہے، یہی حال مریض کا ہے، اسے بھی بعد میں صحت یاب ہونے پر روزہ کی قضا کرنی ہوتی ہے۔ اگر کوئی مریض ایسا ہو ، جس کے مستقبل میں صحت یاب ہونے کی امید نہ ہو یا اس قدر بوڑھا ہو کہ روزہ رکھنے سے اس کی جان پر بَن آنے کا اندیشہ ہو تو ایسے مریضوں اور بوڑھوں کے لیے روزے کی قضا کے بجائے شریعت میں فدیہ کی سہولت موجود ہے-
فدیہ ایک روزہ کا ایک صدقہ فطر کے بقدر ہے، البتہ اس فہرست میں وہ لوگ نہیں ہیں جو اصلاً مریض نہیں ہوتے- روزہ رکھنے کے ڈر سے مریض ہو جاتے ہیں اور بھول جاتے ہیں کہ اللہ رب العزت دلوں کے احوال سے واقف ہے۔ ایسے لوگوں کو جان اور سمجھ لینا چاہیے کہ برکت اور فضیلت والے یہ شب و روز گذر گئے تو اس کی واپسی اگلے سال ہی ہو پائے گی اور اگلا سال کس نے دیکھا ہے، موت کب آئے گی، کس کو پتہ، اس لیے ان ایام کی قدر کرنی چاہیے، روزہ، تراویح، تلاوت قرآن، تہجد، اوراد و اذکار، اعتکاف، خیر کے کاموں میں مشغولیت، شر کے کاموں سے اجتناب میں رمضان المبارک کے اوقات کو گذارنا چاہیے۔ یہ چند ہی ایام تو ہیں،
دو عشرہ گذر گیا، ہم تیسرے میں داخل ہو گئے۔ اللہ کی رحمت ،مغفرت کے بعد یہ تسرا عشرہ جہنم سے گلوخلاصی کا شروع ہو گیا ہے۔ یہ آخری عشرہ پہلے دونوں عشرہ سے بھی زیادہ قیمتی ہے، اسی عشرہ میں شب قدر کی تلاش کا حکم دیا گیا ہے جو اس عشرہ کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات ہوگی، تلاشیئے گا تو پائیے گا، راتیں سو کر گذار دیجئے گا تو محروم رہ جائیے گا، محرومی بھی کیسی؟ ایک ہزار مہینے کی راتوں کی عبادت سے زیادہ کے ثواب سے، لیکن کیا کہیے؟ بہت سارے مسلمانوں پر یہ راتیں بھی یوں ہی گذر جاتی ہیں اور ان کے دل میں اللہ سے قریب ہونے اور گناہوں کی مغفرت کرالینے کا خیال ہی نہیں آتا-
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے لوگوں پر لعنت فرمائی ہے؛ جو رمضان کا مہینہ پانے کے بعد بھی اپنی مغفرت کا سامان نہ کرلے۔ شب قدر یقینی طور پر مل جائے اس کے لئے آخری عشرہ کا اعتکاف بہت مفید ہے۔ جو کوئی 21 رمضان کی شب سے علائق دنیا اور مشغولیت کو چھوڑ کر یکسو ہو کر اللہ کے گھر میں جا بیٹھا اور دس دن مسجد میں رہا، اسے شب قدر کا ملنا یقینی ہے؛ کیوں کہ وہ تو اللہ کے در پر پڑا ہی ہوا ہے، شب قدر اس سے بچ کر نکل ہی نہیں سکتی۔ اور مڑدہ مغفرت یقینی ہے، بشرطیکہ یہ عمل اخلاص، ایمان اور احتساب کے ساتھ کیا جائے، ریاکاری، نمود و نمائش اور شہرت طلبی کا اس میں گذر نہ ہو۔
اعتکاف کے معاملہ میں ہمارے یہاں سستی پائی جاتی ہے، یقینا پورے محلہ اور گاؤں سے ایک آدمی کا اعتکاف میں بیٹھ جانا پورے محلہ اور گاوں کو گناہگار ہونے سے بچا لیتا ہے، لیکن اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ مسجد کے امام کو روپے کی لالچ دے کر اعتکاف کرنے پر مجبور کیا جائے، یا کسی مزدور کو اجرت پر معتکف کیا جائے۔
روزے کے طبی فوائد
روزہ کی دوسری جہت طبی ہے، میڈیکل سائنس دانوں کا اس پر اتفاق ہے کہ روزہ رکھنے سے جسم کی بہت ساری بیماریاں دور ہوتی ہیں، روزہ معدے کی تکلیف، نظام ہضم، شوگر لیول،کولیسٹرول اور بلڈپریشر کو معتدل رکھتا ہے، جس کی وجہ سے دل کے دورہ کا خطرہ کم ہوتا ہے، موٹاپے میں کمی آتی ہے اور غیر ضروری چربی سے آدمی کو نجات ملتا ہے، انسان اعصابی امراض میں افاقہ محسوس کرتاہے، کھال اور چھاتی کے کینسر کے خطرات میں کمی آتی ہے، معجم الاوسط میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث بھی نقل کی گئی ہے کہ صوموا تصحوا یعنی روزہ رکھو، صحت مند ہو جاوگے، اس حدیث کی شرح میں علامہ عبد الرو وف مناوی نے لکھا ہے ، جسے مشہور کتاب فیض القدیر (ج 4ص 280) میں نقل کیا ہے کہ روزہ روح کی غذا ہے، جس طرح کھانا جسم کی غذا ہے، روزہ رکھنے سے دنیا میں بندے کو صحت و تندرستی اور وافر مقدار میں رزق ملتا ہے، جب کہ آخرت میں اسے بڑا ثواب ملے گا۔
اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ رمضان المبارک میں روح کی گندگیاں اور کثافتیں تو دور ہوتی ہی ہیں، انسانی جسم اور دیگر اعضاء رئیسہ کو بھی بے پناہ فوائد حاصل ہوتے ہیں، جسم سے زہریلے مادہ کا اخراج اعضاء کے نظام کو چست و درست رکھنے میں معاون ہوتا ہے۔ یہ روزہ کا ایک اور فائدہ ہے، جس کی طرف لوگوں کی توجہ کم جاتی ہے۔
لیکن روزہ اللہ کے لئے ہی رکھنا چاہیے اور فرض کی ادائیگی اور اجر و ثواب کی نیت سے ہی رکھنا چاہیے اس کے علاوہ جو فوائد ہیں وہ تو ہر حال میں حاصل ہو کر رہیں گے، اس لیے روزہ کو دوسرے فوائد کے حصول کی نیت سے آلودہ نہیں کرنا چاہیے؛ کیوں کہ اسلام میں اعمال کا مدار نیتوں پر ہے اور اللہ کو اخلاص کے ساتھ کی گئی عبادت مطلوب ہے، چاہے نماز ہو یا روزہ ، زکوٰة ہو یا حج۔ سب اخلاص کے ساتھ ہی ہونی چاہیے۔
روزہ کی تیسری جہت ہمدردی و غم گساری ہے، غرباء، فقراء اور مساکین کی ضرورتوں کی تکمیل ہے، رمضان کے بارے میں حضرت سلمان فارسیؓ کی ایک روایت حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے اس میں رمضان کو شہرمواساة یعنی غم خواری کا مہینہ قرار دیا گیا ہے-
آقا صلی اللہ علیہ وسلم اس ماہ سے زیادہ کسی ماہ میں سخی نہیں ہوا کرتے تھے، مسلمان عام طور سے اسی ماہ میں زکوٰة بھی نکالتے ہیں، یہ بھی ضرورت مندوں کی ضرورتوں کی تکمیل کا بہترین ذریعہ ہے، اس کے علاوہ رمضان المبارک میں مسلمانوں پر صدقہ فطر کی ادائیگی بھی ضروری قرار دیاگیاہے غم خواری اور ہمدردی کا اظہار بڑے پیمانے پر ہو، اس کے لئے صدقہ فطر عام مسلمانوں پر واجب قرار دیا گیا، اور اس میں روزہ دار غیر روزہ دار بڑے بوڑھے، عورت مرد اور بچوں تک میں تفریق نہیں کی گئی-
عید کی چاند رات کو صبح صادق سے پہلے جو بچہ پیدا ہوا، اس کی جانب سے بھی صدقہ فطر کی ادائیگی کرنی ہوتی ہے، اس کا بڑا مقصد یہ ہے کہ عید کے دن کی خوشیوں میں غرباءو مساکین کی شرکت بھی ہو سکے۔ اور اللہ کی میزبانی کے اس خاص دن میں کوئی مسلمان بھوکا نہ رہے اور ضروریات کی تکمیل کے لئے اس کے پاس رقم دستیاب ہو۔ ایک اور مقصد روزہ داروں کی جانب سے صدقہ فطر کی ادائیگی کی شکل میں یہ بھی ہے کہ روزہ میں جو کمی کوتاہی رہ گئی ہو اس کی تلافی صدقہ فطر کے ذریعہ کی جائے، اس سلسلے میں احادیث کی کتابوں میں حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسکینوں کے کھانے اور روزوں کو لغو اور گناہوں سے پاک کرنے کے لئے صدقة الفطر کو لازم کیا ہے۔ ظاہر ہے صدقة الفطر مال دینے سے ادا ہوگا تو اس کے لئے مالدار ہونا بھی ضروری ہے۔
اسلام میں مالداری کا تصور بنیادی ضرورت کے سامان مثلاً مکان، کپڑے، سواری، حفاظت کے لئے اسلحے، موبائل، لیپ ٹاپ وغیرہ کے علاوہ ساڑھے باون تولہ چاندی، یا ساڑھے سات تولہ سونا یا اتنی قیمت سے زیادہ مال کا مالک ہونے سے ہے، صدقہ فطر میں ایک آدمی کی طرف سے نصف صاع گیہوں یا ایک صاع کھجور، پنیر، کشمش، منقی اور جو ادا کرنے کی بات حدیث میں مذکور ہے، نصف صاع موجودہ رائج وزن میں ایک کلو چھ سو بیانوے اور ایک صاع تین کلو تین سو چوراسی گرام کے برابر ہوتاہے۔ یہ اشیاءچاہیں تو صدقہ فطر میں وزن کے اعتبار سے دیدیں، چاہیں تو قیمت ادا کر دیں، قیمت ادا کرنا زیادہ بہتر اس لیے ہے کہ روپے کی شکل میں تعاون ہونے سے غرباء اپنی دوسری ضرورتوں کی تکمیل بھی اس رقم سے کر سکیںگے، فقہاء اسے انفع للفقراء سے تعبیر کرتے ہیں۔
قیمت میں اعتبار مقامی بازار کے نرخ کا ہوگا، ایک جگہ کی قیمت کا دوسری جگہ اعتبار نہیں ہوگا، اس لیے صدقہ فطر کا اعلان ہمیشہ مقامی ہوا کرتاہے اور مقامی میں بھی قیمت دریافت کرنے میں فرق پائے جانے پر فرق ہو سکتا ہے۔ اس لیے اگر ایک شہر میں فطرانہ کی رقم کی مختلف تنظیموں نے الگ الگ مقدار بیان کی ہو تو بدگمانی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، قیمت دریافت کرنے پر جو بات سامنے آئی اس کے حساب سے رقم کا اعلان کیا گیا، اللہ رب العزت سے دعاء کرنی چاہیے کہ وہ ہم سب کو رمضان کے فضائل و برکات سے پورا پورا حصہ عطا فرمائے، غریبوں اور محروموں کے لئے زکوٰة، خیرات، صدقات و عطیات سے مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین