Aruje Adam khaki Urdu Medium عروج آدم خاکی- ثناء الہدیٰ قاسمی
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ
انسان کو اللہ رب العزت نے مٹی سے پیدا کیا- اسے نوری مخلوق فرشتوں پر فوقیت دیا- آتشیں مخلوق جنات بھی اس خاکی انسان کی عظمت کو نہیں پہونچ سکے- اللہ رب العزت نے بنی آدم کو مکرم بنایا- با عزت و با عظمت بنایا- تخلیقی اعتبار سے اسے ساری مخلوقات میں ممتاز کیا اور اس کی تخلیق کو خود ہی اللہ نے احسن تقویم کہا یعنی انسان کو اچھے سانچے میں ڈھالا- اس کے اندر ظاہری اور باطنی ایسی ایسی خوبیاں جمع کر دیں، جس کی وجہ سے وہ فرشتوں سے سبقت لے گیا اور مسجود ملائک قرار پایا۔
ماہ و سال گذرتے گیے، انبیاء و رسل آتے رہے، جاتے رہے- مدت ختم ہوتی رہی- لوگ گم گشتہ راہ ہوتے رہے- انسانیت سسکتی رہی- ظلم و ستم نے اپنے دست و بازو پھیلا دیے- کعبة اللہ بھی بتوں کی آماجگاہ بنا دیا گیا- عورتوں کی عزت سر بازار نیلام ہوتی رہی اور لڑکیاں زندہ دفن کی جاتی رہیں- کوئی گناہ ایسا نہیں تھا جسے شیاطین نے انسان تک نہ پہونچا دیا ہو اور لوگ اس میں مبتلا نہ ہوئے ہوں- ایسے میں رحمت خدا وندی جوش میں آئی اور بھٹکے ہوئے آہو کو سوئے حرم پھر سے لے جانے کے لئے آقا و مولا فخر موجودات، سرور کونین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو مبعوث فرمایا اور سارے عالم کے لیے رحمت بنا کر بھیجا-
آپ نے لوگوں میں اسلام کی دعوت کا کام شروع کیا- اپنے بھی بے گانے ہو گئے اور بیگانوں کی بیگانگی نے ساری سرحدیں توڑ دیں- نت نئے اور نوع بنوع مظالم حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے رفقاء پر توڑے گئے- جسم اطہر پر اوجھ ڈالی گئی- راستے میں کانٹے بچھائے گئے- گلے میں پھندا ڈال کر کھینچا گیا- ان مصائب و آلام اور آزمائش کے ساتھ دعوت کا کام جاری رہا- آپ اپنے فرض منصبی کی ادائیگی کے لیے طائف گئے- وہاں کے اوباشوں نے آپ پر پتھر کی بارش کر دی- پائے مبارک لہو لہان ہو گئے- زخموں سے چور جب آپ بیٹھ جاتے تو اوباش بچے آپ کو اٹھا دیتے اور جب چلنے لگتے تو پتھر بر ساتے- دل و دماغ کا متشر ہونا لازمی تھا اور زبان مبارک پر دعاؤں کا جاری ہونا تقاضہ بندگی-
شب معراج کا واقعہ | شب معراج کی حقیقت
اللہ ہر حال سے واقف تھا اور محبوب کے ٹوٹے ہوئے دل کو جوڑنا چاہتا تھا، اس لئے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر شریف اکاون برس نو مہینے کی ہوئی اور منصب نبوت اور اعلان نبوت پر دس سال گذر گیے تو اللہ نے جیتے جاگتے، جسم و روح کے ساتھ اپنے پاس بلانے کا فیصلہ کیا- تاریخ ٢٨ رجب کی تھی، جب آدم خاکی کو اللہ نے ایسا عروج عطا فرمایا جو کسی اور کو نہیں دیکھا یا گیا ، قربت الٰہی کا وہ مقام کسی اور کے نصیب میں نہیں آیا ہے اور نہ آئے گا-
سفر کے لیے تیز رفتار سواری براق فراہم کرائی گئی- مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ لایا گیا- تمام انبیاء کی امامت کرائی گئی- عروج مسجد اقصیٰ سے شروع ہوا- آسمان و زمین کی سیر کرائی گئی- جنت و جہنم کا مشاہدہ کرایا گیا- بد عملی کی سزا دکھائی گئی- انبیاء و رسل سے ملاقات کرائی گئی اور پھر آپ سدرة المنتہیٰ سے بیت المعمور تک پہونچے-
جبرئیل نے بھی ساتھ چھوڑا- دو نیزے اور اس سے کم کی دوری خلوت میں رہ گئی، تو اللہ رب العزت نے محبوب کو تحفے پیش کیے اور جو حکم دینا تھا، دیا- بندگی صرف رب کے کرنے کی ہدایت دی گئی- والدین کے ساتھ حسن سلوک کی تعلیم سے نوازا گیا- ان کو جھڑکنے اور اف کہنے تک کی ممانعت کی گئی- ان کے لئے محبت و شفقت سے کاندھے جھکانے اور بار گاہ خدا وندی میں ان کے لیے رحمت کی دعا مانگنے کی تلقین کی گئی- قتل و زنا وعدہ خلافی، یتامیٰ کے مال پر تصرف سے دور رہنے کو کہا گیا- فضول خرچی سے بچنے کی تلقین کی گئی اور فضول خرچی کرنے والے کو شیطان کا بھائی قرار دیا گیا-
اس موقع سے سب سے بڑا تحفہ نماز کا ملا- ساری عبادتیں اسی زمین پر نازل کی گئیں اور جبریل کے ذریعہ بھیجی گئیں، لیکن نماز کا تحفہ رب نے اپنے یہاں بلا کر عطا فرمایا- اب کسی کو معراج نہیں ہوگی، لیکن مومن اگر اپنے اندر معراج کی کیفیت محسوس کرنا چاہتا ہے تو اسے نماز سے لو لگانا ہو گا- نماز اللہ سے سرگوشی کا بہترین ذریعہ ہے، اسی لیے نماز کو معراج المومنین کہا گیا- جس طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے معراج میں سر گوشی کی- اپنی باتیں رکھیں- امت کی فلاح کو سامنے رکھتے ہوئے اللہ کی سلامتی میں نیک ایمان والوں کو شامل کر لیا، اسی طرح بندہ بھی جب نماز پڑھتا ہے تو وہ اپنی باتیں دعاؤں کی شکل میں اللہ کے سامنے رکھتا ہے- اپنے سلام میں نیک بندوں کو شامل کرتا ہے- اللہ کی مسلسل عبادت کے نتیجے میں اس کی بندگی اس احساس کے ساتھ ہوتی ہے کہ جیسے وہ خدا کو دیکھ رہا ہے اور اگر اس مقام تک نہیں پہونچتا ہے تو کم از کم وہ یقین و اعتماد کے اس مقام تک پہونچ جاتا ہے، جہاں ہر وقت اسے خدا کی نگرانی اور اس کے دیکھنے کی کیفیت محسوس ہوتی ہے- یہ مقام پہلے سے کم تر سہی، لیکن اس مقام کو بھی پالینے کے بعد گناہوں کے ارتکاب، بد عملی اور بے عملی سے انسان نجات پاجاتا ہے، کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ اللہ مجھے دیکھ رہا ہے۔ اور کوئی کام بھی اس کی نگاہوں سے اوجھل ہو کر میں نہیں کر سکتا۔
معراج کا واقعہ سادہ سا واقعہ نہیں ہے، یہ اس بات کا اعلان ہے کہ آپ نبی قبلتین ہیں اور آپ کی آمد سے صدیوں سے جاری بنی اسرائیل کی تولیت کا خاتمہ ہو گیا اور اب قیامت تک یہ مقام و منصب آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے سپرد کر دیا گیا-
قرآن کریم میں اس سفر کے جو مقاصد بیان کیے گیے ان میں سے ایک، آسمان و زمین کی کچھ نشانیاں دکھانی تھیں- یہ نشانیاں کیا تھیں، ہمارے پاس اس کی ترجمانی کے لیے الفاظ نہیں ہیں، کیوں کہ الفاظ کا دائرہ ہمارے محسوسات مشاہدات اور تعلقات سے آگے نہیں بڑھتا-
واقعہ یہ ہے کہ عالم بالا کی نشانیاں انسانی محسوسات اور عقل و تصور سے ماورا ہے- اوپر کی چیز ہیں، اس لیے اس کی عکاسی الفاظ میں ممکن نہیں- اللہ کے فضل و توفیق اور اس کی قدرت کاملہ کے طفیل اللہ کی ان نشانیوں کو الفاظ کا جامہ پہنا بھی دیا جائے تو انسانی دماغ، ان کے سمجھنے کے بعد قوت بر داشت کہاں سے لائے گا۔
یہی وجہ ہے کہ معراج کے واقعہ پر جسمانی، روحانی، بیداری اور خواب کی حالت کے حوالے سے بڑی بحثیں کی گئی ہیں- سب نے فہم و فراست کے دائرہ میں اسے دیکھا اور چونکہ معیار فہم الگ الگ ہیں- اس لیے اختلافات ہوئے۔
آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ میں اس وقت سونے اور جاگنے کی درمیانی حالت میں تھا، یعنی نہ تو یہ مکمل خواب تھا اور نہ یہ ایسا واقعہ تھا جسے جاگے میں دیکھا جاتا ہے، یعنی ان دونوں سے الگ حالت تھی اور انسان یا تو سوتا ہے یا جاگتا ہے، اس لیے الفاظ بھی اس کے یہاں انہیں دونوں حالات کے لیے پائے جاتے ہیں۔
ایک تیسری حالت جو معراج کی رات آقا صلی اللہ علیہ وسلم پر گذری، ہمارے فہم و ادراک سے بالا اور ہمارے پاس اس کی تعبیر کے لیے الفاظ نہیں ہے۔ رہ گئی بات عقل و خرد کی، تو معجزات اسی کو کہتے اس کو ہیں جو فطری نہ ہو، خرق عادات پر مشتمل ہو، اس کے باوجود ہمارا ایمان و عقیدہ ہے کہ جسمانی معراج بھی عقل و خرد سے بعید نہیں ہے؛ کیونکہ جو اللہ آسمان ستارے او رسیارے کو فضا میں تھام رکھنے پر قادر ہے- اس کے ذریعہ انسانی جسم کو خلا میں لے جانے اور روشنی کی رفتار سے زیادہ تیز لے جانے میں کون سی بات خلاف عقل ہے- میں اس واقعہ کی یاد میں شب معراج ہر سال منایا جاتا ہے- بعض لوگ روزے رکھتے ہیں اور بعض جشن معراج نبی منعقد کرتے ہیں- جلسے جلوس کا اہتمام ہوتا ہے- ہمیں خوب یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اس شب معراج کے بعد اب کوئی دوسری شب معراج نہیں آئے گی- تاریخیں آتی جاتی رہتی ہیں، لیکن اس کو اس معراج سے کیا نسبت ہے، جس رات آقا صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے- خوب سمجھ لینا چاہیے کہ شب معراج ہر سال نہیں آتی- صرف تاریخیں آتی ہیں اور یہ یاد دلاتی ہیں کہ اللہ رب العزت نے آدم خاکی کو کیسا عروج بخشا ہے-
بقول اقبال
عروج آدم خاکی سے انجم سہمے جاتے ہیں
کہ یہ ٹوٹا ہوا تارہ مہ کامل نہ بن جائے