سردی کے موسم میں غریبوں کی مدد | غریبوں کی مدد کیسے کریں؟
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف
دسمبر اور جنوری کا مہینہ بہار میں سرد ہواؤں اور یخ بستہ راتوں کے لیے مشہور ہے- کڑاکے کی سرد اور برفانی لہروں کی وجہ سے متوسط مزدور اور غریب طبقات کے لیے زندگی گذارنا دشوار ہوتا ہے- وہ لوگ جن کے سروں پر چھت نہیں ہے، وہ فٹ پاتھ پر سوتے ہیں- ان کے لیے سردی کے قہر سے خود کو بچانا مشکل ہوجاتاہے- ٹھنڈک گوشت و پوست ہی کو نہیں اعضاء رئیسہ پھیپھڑے اور قلب وغیرہ کو متاثر کرتی ہے- جو قلب کے مریض ہیں ان کے ہارٹ اٹیک کے امکانات بڑھ جاتے ہیں- غرباء اگر ٹھنڈ کی چپیٹ میں آگیے تو ان کے لیے علاج کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے-
سردی میں درجہ حرارت کتنا ؟ بہار میں درجہ حرارت
بہار میں اس وقت بارہ سے پندرہ کلو میٹر کی رفتار سے پچھوا ہوا چل رہی ہے- جس نے درجۂ حرارت کو گرا کر نچلی سطح تک پہونچا دیا ہے- محکمہ موسمیات کی مانیں تو پٹنہ میں درجۂ حرارت 9.1 گیا میں 6.2، بانکا میں 6.4، اورنگ آباد میں 8.3، پورنیہ میں 10.8 سہرسا میں 10.5 سوپول میں 12.4 بھاگلپور میں 11.3، مظفر پور میں 11.8 رہتاس میں 11.5 شیخ پورہ میں 10.5 اور بیگو سرائے میں 9.7 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے غریبوں کی مشکلیں بڑھا دیں ہیں-
اسلام میں سردی میں مدد کا طریقہ
ایسے میں اسلام کا طریقہ یہ ے کہ جو لوگ اس قسم کی پریشانی سے محفوظ ہیں, وہ ان غریبوں کا خیال رکھیں اور اپنے ارد گرد کے ٹھنڈک میں پریشان حال لوگوں کی جس قدر مدد کر سکتے ہوں کریں- امارت شرعیہ بھی ایسے موقع سے مستحقین تک کمبل پہونچانے کا کام ہر سال کرتی ہے- امارت شرعیہ کے ذمہ داروں نے ضلع، بلاک اور پنچایت سطح پر جو امارت شرعیہ کمیٹی کے صدور اور سکریٹریز ہیں یا ذیلی دفاتر کے ذمہ دار ہیں، ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں امارت شرعیہ کے زیر اہتمام اس کام کو کریں- اسلامی اصول کے مطابق علاقہ کے مالداروں سے رقومات حاصل کریں اور اس علاقہ کے ضرورت مندوں تک کمبل خرید کر پہونچا دیں۔
جن علاقوں میں مقامی طور پر یہ کام ممکن نظر نہیں آئے- وہ اپنی رقومات بیت المال امارت شرعیہ کو ارسال کر دیں- انشاءاللہ مرکزی دفتر امارت شرعیہ کے ذریعہ حسب وسائل بڑے پیمانے پر اس کام کو کیاجائے گا- اور اہل خیر عند اللہ ماجور اور عند الناس مشکور ہوں گے-