مسلم مجاہدین آزادی | ہندوستان کے مسلم مجاہدین آزادی | Muslim Freedom fighter in India
تحریر:محمد اطہر القاسمی
نائب صدر جمعیت علماء بہار
18 جنوری 2023
_________________________
15 اگست سنہ 1947 کو ہمارا ملک بھارت انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا -،26 نومبر سنہ 1949 کو آزاد بھارت کا آئین بنا اور 26 جنوری سنہ 1950 کو یہ آئین ملک میں نافذ ہوا۔اسی مناسبت سے پورے ملک میں ہرسال 15 اگست کو جشن آزادی اور 26 جنوری کو جشن جمہوریہ منایا جاتا ہے۔
مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہوارہ ہمارا یہ ملک ساڑھے آٹھ سو سالہ مغلیہ سلطنت کے زوال کے بعد برسوں ظالم انگریزوں کے زیر اقتدار رہا،انگریزوں کے چنگل سے ملک کو آزاد کرانے کے لئے بےشمار قربانیوں کے نذرانے پیش کئے گئے؛لاکھوں انسانوں کی جانیں گئیں،ہزاروں مجاہدین جیل کی سلاخوں میں ڈالے گئے اور سینکڑوں لوگ پھانسی کے پھندے پر لٹکائے گئے،تب جاکر جنت نشاں ملک ہندوستاں کو آزادی کا پروانہ نصیب ہوا۔
آزادئی وطن کی اس عظیم جنگ میں یوں تو ملک کے ہر طبقے اور مذہب کے لوگوں نے قربانیاں پیش کیں لیکن ملک کے مسلمانوں نے جو کردار ادا کیا وہ تاریخِ آزادی کا ایک روشن باب ہے،خصوصا مدارس اسلامیہ کے بوریہ نشیں علماء کرام نے آزادئی وطن کے لئے قربانیوں کے جو نذرانے پیش کئے وہ تاریخ کے اوراق میں آبِ زر سے لکھے ہوئے ہیں۔چنانچہ جہادِ آزادی کی دردانگیز کہانی میں درج ہے کہ دلی کے چاندنی چوک سے لےکر لاہور کے قصہ خوانی بازار تک کوئی ایسا درخت نہیں تھا جس پر کسی سفید ریش بزرگ کی نعش نہیں جھول رہی تھی،فخر کی بات یہ ہے کہ ملک کے ان جاں باز علماء کرام نے آزادئی وطن کا صور اس وقت پھونکا تھا جب دوسرے لوگ خوابِ غفلت میں مست و مگن تھے اور انہیں طوقِ غلامی سے آزادی کا احساس تک نہیں تھا۔حتی کہ سنہ 1866 میں ام المدارس دارالعلوم دیوبند اور سنہ 1919 میں جمعیت علماء ہند کے قیام کے پیچھے بھی یہی تحریک کارفرما تھی،گویا ملک کے غیور مسلمانوں اور جاں باز اکابرین علماء دیوبند نے بھارت کی آزادی کی کہانی اپنے گرم لہو سے تحریر کی۔
اسی لئے بھارت کے سابق وزیر خارجہ جسونت سنگھ نے کہا تھا کہ انڈیا کی جنگ آزادی مسلمانوں کے خون سے لکھی گئی ہے۔
پتہ پتہ بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے
جانےنہ جانےگل ہی نہ جانےباغ توساراجانے ہے
صاحبو!
آج ملک کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں،حالات کی اس منفی تبدیلی پر ہم آہ و بکا تو خوب کرتے ہیں لیکن افسوس ناک سچائی یہ ہے کہ ہم نوشتۂ دیوار نہیں پڑھتے اور نہ ہی اپنی شاندار تاریخ کو سامنے رکھ کر اپنے مستقبل کا منصوبہ بناتے ہیں۔کتنے افسوس کی بات ہے کہ خود ہم مسلمانوں نے اپنے ہی بیشتر مجاہدینِ آزادی کو فراموش کردیا ہے،آزادئی وطن کو ابھی ایک صدی بھی نہیں گذری کہ اکا دکا چند ناموں کو چھوڑ کر نہ تو ہمیں ان کے خوبصورت نام یاد ہیں اور نہ ہی ان کی قربانیوں کی تاریخ اور کارنامے یاد ہیں اور نہ ہی ہمیں اس سے کوئی خاص دلچسپی ہے،اس سے بڑی دکھ کی بات یہ ہے کہ مدارسِ اسلامیہ کے علاوہ (کیونکہ ان ہی کی وجہ سے آج بیشتر مسلم مجاہدین آزادی کے نام زندہ ہیں)آج ملک بھر میں ہزاروں اور لاکھوں چھوٹے بڑے مسلم تعلیمی ادارے قائم ہیں؛ان کی طرف سے 15 اگست اور 26 جنوری کو ہر سال بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ پروگرام منعقد ہوتے ہیں،لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ ان پروگراموں میں دوچار کے علاوہ کسی بھی مسلم مجاہد آزادی کا نام تک نہیں لیا جاتا،اسی غفلت و کاہلی کا نتیجہ ہے کہ ہمارے مجاہدین آزادی کے نام رفتہ رفتہ تاریخ کے صفحات سے مٹتے جارہے ہیں اور ہمیں شکوہ یہ ہے کہ لوگ انہیں مٹانے پر تلے ہوئے ہیں۔
صاحبو!
یاد رکھیں کہ زندہ قومیں اپنی تاریخ کبھی فراموش نہیں کرتیں،انہیں اپنے بزرگوں کی تاریخ اور اپنے آباء واجداد کے کارنامے ہمیشہ یاد رہتے ہیں،وہ ان تاریخی کارناموں کو اپنی نسلوں کے لئے محفوظ رکھتی ہیں تاکہ ان سے سبق حاصل کرکے ملک میں سر اٹھا کر چل سکیں،فخر کے ساتھ جی سکیں اور زندہ دلی کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرسکیں۔اس لئے آج عہد کریں کہ آزادئی وطن کی ہم اپنی تاریخ پڑھیں گے،بچوں کو پڑھائیں گے،انہیں حفظ کریں گے،یاد رکھیں گے،اپنے دوستوں میں چرچا کریں گے،کاغذ کے پنوں کے ساتھ اپنے سینوں میں بھی محفوظ کریں گے اور 15 اگست ہو یا 26 جنوری کم از کم ان اہم مواقع پر ہم اپنے اسٹیجوں سے ملک کے ان جیالوں،قوم کے متوالوں اور ملت کے سرفوشوں کو ضرور یاد کریں گے اور اپنے پروگراموں کا انہیں حصہ بنائیں گے انشاءاللہ۔
کیونکہ ہماری تاریخ لکھنے کے لئے اور لکھی ہوئی تاریخ ہمیں پڑھانے کے لئے اب آسمان سے کوئی فرشتہ نہیں آنے والا،یہ کام مجھے خود کرنا ہوگا،آپ کو کرنا ہوگا،ہم سب کو کرنا ہوگا اور ہماری موجودہ نسلوں کو مل جل کر کرنا ہوگا۔
اس لئے کہ لاکھ منفی کوششوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود ہم اپنی شاندار تاریخ ہی کی وجہ سے آج زندہ ہیں- خدانخواستہ جس دن ہماری تاریخ مٹ جائے گی یا مٹادی جائے گی، یقین جانئے کہ روئے زمین پر اس دن ہماری بھی اجتماعی تاریخی موت ہوجائے گی۔
آج ہمیں مہاتما گاندھی، نیتاجی سبھاش چندر بوس، لال بہادر شاستری، جے پرکاش نارائن، سردار ولبھ بھائی پٹیل، پنڈت جواہر لعل نہرو، راجہ مہندر پرتاپ سنگھ، کھدی رام بوس، سروجنی نائیڈو، جھانسی کی رانی لکشمی بائی، بھگت سنگھ، ڈاکٹر چندر شیکھر آزاد، گوپال کرشن گوکھلے، رابندر ناتھ ٹیگور، ڈاکٹر رادھا کرشنن اور رام پرساد بسمل جیسے عظیم مجاہدین آزادی کے نام تو یاد ہیں، جو اچھی بات ہے لیکن اپنے بزرگوں اور آباء واجداد کے اُن ناموں کی طویل فہرست ہمیں یاد نہیں جن کے سرفروشانہ جذبوں،بےمثال قربانیوں، قلندرانہ ولولوں اور بے نظیر کوششوں کے صدقے میں ہمارا یہ ملک ظالم انگریزوں کے چنگل سے آزاد ہوا اور ساتھ ہی بحیثیت ملت اسلامیہ ہمیں اس وطن عزیز میں سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ عطا ہوا۔
کس منہ سے کریں ان کے تغافل کی شکایت
خود ہم کو محبت کا سبق یاد نہیں ہے۔۔۔
گنوادی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمیں پر آسماں نے ہم کو دے مارا۔۔۔
آئیے! چند مشہور مسلم مجاہدین آزادی کے نام بطورِ نمونہ لکھے جاتے ہیں تاکہ کم از کم ہم انہیں 15 اگست اور 26 جنوری کے پروگراموں میں خراج عقیدت پیش کرسکیں اور اپنی نسلوں کے دل و دماغ میں یہ بٹھا سکیں کہ ہم اس ملک کے وفادار و جاں نثار و ذمے دار شہری بھی ہیں اور اس کے اولین معمار و حصہ دار بھی، کوئی عارضی کرایہ دار نہیں۔
سو (💯) مشہور مسلم مجاہدین آزادی کے نام
________________________
شاہ عبد العزیز محدث دہلوی
شاہ اسحٰق محدث دہلوی
شاہ رفیع الدین محدث دہلوی
شاہ عبد القادر محدث دہلوی
امیر حریت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی
امام حریت مولانا محمد قاسم نانوتوی
امام انقلاب شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی
سرخیل آزادی شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی
قطب عالم مولانا رشید احمد گنگوہی
حافظ محمد ضامن شہید
مفتی اعظم مولانا کفایت اللہ دہلوی
مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی
مولانا مملوک العلی نانوتوی
امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد
ابو المحاسن مولانا محمد سجاد بہاری
مولانا سید اسمعیل شہید دہلوی
مولانا ثناء اللہ امرتسری
مولانا عطاء اللہ شاہ بخاری
مولانا احمد علی لاہوری
مولانا احمد سعید دہلوی
مولانا سید محمد میاں دیوبندی
مولانا عبد الباری فرنگی محلی
مولانا سید سلیمان ندوی
علامہ فضل حق خیرآبادی
علامہ فیض احمد بدایونی
علامہ احمد اللہ شاہ مداراسی
مولانا رحمت اللہ کیرانوی
مولانا جعفر تھانیسری
مولانا احمد اللہ فیض آبادی
مولانا خلیل احمد سہارنپوری
مولانا ولایت علی عظیم آبادی
مولانا عنایت علی عظیم آبادی
مولانا احمد اللہ عظیم آبادی
مولانا عبد الرحیم صادق پوری
مولانا نصیر الدین دہلوی
مولانا برکت اللہ بھوپالی
مولانا عبید اللہ سندھی
مولانا عزیز گل پیشاوری
مولانا عبد الرحیم رائے پوری
مولانا عبد الحئی بڈھانوی
مولانا آزاد سبحانی
مولانا عبد الماجد دریابادی
مولانا شوکت علی رام پوری
مولانا منیر نانوتوی
مولانا حسرت موہانی
مولانا مظہر الحق بہاری
مولانا نورالدین بہاری
مولانا ابراہیم الوری
مفتی احمد کاکوروی
مفتی مظہر کریم دریابادی
ڈاکٹر مختار احمد انصاری
ڈاکٹر ذاکر حسین
ڈاکٹر سید محمود
مولانا ظفر علی خان
حکیم اجمل خان
دلاور خان
مولانا محمد علی جوہر
مولانا شوکت علی گوہر
مولانا منصور انصاری
مولانا احمد اللہ پانی پتی
مولانا نذیر حسین دہلوی
مولانا سید محمد فاخر
مولانا فضل ربی
مولانا فضل محمود
ڈاکٹر سیف الدین کچلو
رفیع احمد قدوائی
شفیق الرحمن قدوائی
کرنل محبوب
خان عبدالغفار خان سرحدی
شاہ معین الدین اجمیری
اورنگ زیب بہادر شاہ ظفر
مرزا بیدار بخت
نواب حیدر علی
شیر میسور ٹیپو سلطان
نواب سراج الدولہ
نواب مظفر الدولہ
سید محمد فخر الدین
سر علی امام
مولوی محمد باقر
مولوی عبد الغنی ڈار
حکیم نصرت حسین
شیخ بھکاری
بطخ میاں
بدر الدین طیب جی
میر قاسم علی خان
عظیم اللہ خان
آغاخان
بیگم حضرت محل
بیگم زینت محل
بیگم حسرت
خدیجہ بیگم
زلیخا بیگم
امجدی بیگم
زبیدہ بیگم
آمنہ قریشی
عنایت خان
نورالنساء
ارونا آصف
آسیہ خاتون
بی اماں
گاہے گاہے باز خواں ایں دفترِ پارینہ را
تازہ خواہی داشتن گر داغ ہائے سینہ را
وما توفیقی الا باللہ