اندھیرے گھر کو منور بنا دیا کس نے | Urdu Ghazal Maqbool Manzar
یہ اپنے پیار کا دیپک جلا دیا کس نے
اندھیرے گھر کو منور بنا دیا کس نے
فسردہ لب پہ تبسم اُگا دیا کس نے
یہ دھوپ چھاؤں کا اک سلسلہ دیا کس نے
مرے خلوص و وفا کی رقم طرازی کو
تمہارے ہاتھ میں خامہ تَھما دیا کس نے
اُسی کے دَم سے جہاں کا نظام قائم ہے
یہ آفتاب ڈبو کر اُگا دیا کس نے
وہ دل جو سنگ سے کم تر نہیں تھا سختی میں
اُسے بھی موم کا پیکر بنا دیا کس نے
اسے تو بحرِ حوادث میں ڈوب جانا تھا
سفینہ میرا کنارے لگا دیا کس نے
تمہاری آنکھیں بھی سُنتے ہی اس کو بھر آئیں
فسانہ درد و اَلم کا سُنا دیا کس نے
زمانہ ہو گیا شیدا تمہاری چِتون پر
حسیں اَدا کو حسیں تر بنا دیا کس نے
بہت ہی عقل کی کرتا ہے گفتگو منظر
ترے شعور کو پختہ بنا دیا کس نے
شاعر
ڈاکٹر مقبول منظر
پلامو، جھارکھنڈ
انڈیا