?What is 5G technology| فآئیو جی پر مضمون | 5G کیا ہے؟
ہندوستان نیٹ کی دنیا میں پانچویں نسل کا استقبال کررہا ہے ، اس پانچویں نسل کو 5G کے نام سے جانا اور پہچانا جا رہا ہے- وائرلیس رابطہ ٹکنولوجی کا بابا آدم 1G کو مانا جاتا ہے- اسے ۱۹۸۰ء میں متعارف کرایا گیا تھا- اس کی وجہ سے موبائل فون نے کام کرنا شروع کیا، لیکن اس پر صرف گفتگو (کال) کی جا سکتی تھی- وہ بھی محدود دائرہ میں- اس کی رفتار ۴ء ۲ کے بی پی اس (KBPS) تھی اور اس پر انٹر نیٹ کام نہیں کرتا تھا-
دوسری نسل کا تعلق 2G سے تھا- اسے فن لینڈ نے ۱۹۹۱ء میں پیش کیا تھا- اس نسل کی طاقت 1G سے چھبیس (۲۶) گنا زیادہ تھی اور اس کی رفتار ۶۴؍ کے بی پی اس (KBPS) تھی- اس کی وجہ سے پیغام و تصویر رسانی کا کام انٹرنیٹ کے ذریعہ ممکن ہوا،- بعد میں پیغام رسانی کی رفتار 2G کی تین سو چوراسی (۳۸۴) کے بی پی ایس تک پہونچ گئی، جس کی وجہ سے ای میل اور کیمرہ والے موبائل کے استعمال کی شروعات ہوئی-
۲۰۰۳ء میں اس نے اور ترقی کی اور اس کی تیسری نسل 3G سامنے آئی، رفتار کے ساتھ اس کی خدمات کا دائرہ بھی وسیع ہوا- اس کے دور میں نیٹ کے ذریعہ فائل کی منتقلی، ویڈیو کانفرنسنگ اور ویڈیو آڈیو کی ترسیل میں تیزی آئی- اور تین منٹ کے کسی ویڈیو کو صرف گیارہ سکنڈ میں منتقل کر نا ممکن ہو سکا- آگے کی جانب بھی کیمرہ کام کرنے لگا، جس سے سیلفی لینے کا رواج عام ہوا۔
3G کی رفتار سے پچاس فی صد تیز چوتھی نسل 4G کی شکل میں سامنے آیا- اس کی وجہ سے ویڈیو اور فلموں کی ترسیل جو تین چار منٹ کے اندر ہوتی تھی، صرف گیارہ سکنڈ میں ہونے لگی، جب کہ 3G مین نیٹ ہی بند ہوجایا کرتا تھا- خدمات کا دائرہ 4G کی وجہ سے بڑحا تو نہیں لیکن پچاس فی صد تیزی سے کام ہونے لگا۔
4G کے بعد 5G کا صارفین کو انتظار تھا- وزیر اعظم نے پہلے مرحلے میں دہلی، ممبئی، چنئی، کولکاتہ کے ساتھ گروگرام، پونے، بنگلورو، چنڈی گڈھ، جمنا نگر، احمد اآباد، حیدر آباد، لکھنؤ اور گاندھی نگر میں اس کے استعمال کی شروعات کرادی ہے- فی الوقت ایرٹیل نے نیلامی میں بڑی بولی لگا کر اس خدمت کو اپنے نام کر لیا ہے، جلد ہی جیو اور اڈوانی کی اڈانی ڈاٹانیٹ ورکس بھی اسے شروع کر سکتی ہے- اس کے شروع ہونے سے صنعت و حرفت کمپنی اور کار خانوں کے کاموں میں تیزی آئے گی، آن لائن تعلیم میں سہولت ہوگی، کیوں کہ اس کی رفتار 4G سے سو گنا زیادہ ہے- اس کی وجہ سے فوری اور بر وقت تصویر ، پیغام، ویڈیو وغیرہ کی ترسیل ہو سکے گی- بڑی سے بڑی فائل کو اپلوڈ کیا جاسکے گا اور یہ کام پلک جھپکتے ہو سکے گا۔
اس کے استعمال کے لیے ضروری ہے کہ جس سے آپ یہ خدمت حاصل کرنا چاہتے ہیں اس نے اس کا اسپکٹرم خریدا ہو- اس کے پاس 5G کی سہولت ہونی چاہیے- ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ کے علاقہ میں ابھی وہ کام نہیں کر رہا ہو- آپ کا موبائل ٹیبلیٹ ایسا ہونا چاہیے جو 5G کی خدمات کو قبول کر سکے- ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کے موبائل ٹیبلیٹ میں اتنی صلاحیت نہ ہو تو آپ کو اس صلاحیت کا موبائل الگ سے خرید نا پڑ سکتا ہے۔
آج کل 5G کے فرضی ایجنٹ گاؤں میں گھوم کر 5G کی خدمات فراہم کرنے کے لیے صارفین کو تیار کر رہے ہیں اور ان سے موٹی رقمیں وصول کرتے ہیں- ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے، تاکہ آپ کو دھوکہ دے کر وہ چلتے نہ بنیں۔
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت
شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ