نعت شریف اردو | Naat Sharif Urdu
نعت شریف
دست بستہ ملتجی ہیں ہم عنایت کے لئے
یا نبی ہیں سخت تر حالات اُمت کے لئے
حور و غلماں کے لئے ہے اور نہ جنت کے لئے
مضطرب ہے دل محمد کی محبت کے لئے
خامئہ دل جب ہُوا مصروف مدحت کے لئے
فکر روشن ذہن میں آئی عنایت کے لئے
کیمیائی نسخہ ہے قرآن اُمت کے لئے
کیا دعا، تعویذ، گنڈہ اور تجارت کے لئے
ربٌِ حبلی امتی ہی کی رہی لب پر صدا
سر اُٹھاتے وہ نہ تھے سجدے سے اُمت کے لئے
تحفئہ معراج اُمت کو ہے پنج وقتہ نماز
کیجے قائم چشمِ آقا کی تراوت کے لئے
چار سو پھیلی ضیائیں، نورِ احمد کے طفیل
جب جہانِ جہل میں آئے ہدایت کے لئے
حُرمتِ کعبہ ہے دل میں، گنبدِ خضریٰ سے عشق
اک عبادت کے لئے ہے اک زیارت کے لئے
ہم گنہ گاروں کے من میں کِھل اُٹھیں گے تب گلاب
حشر میں آئیں گے آقا جب شفاعت کے لئے
کیجئے صلیِ اعلیٰ کا ورد، کیوں مایوس ہیں
ذکرِ احمد ہے وظیفہ ہر مصیبت کے لئے
کیوں نہ ہو اپنے مقدر پر اُنہیں بے حد غرور
،، لے گیا وہ سبز گنبد کی زیارت کے لئے
اَوج پر قسمت ہے منظر حضرتِ حسان کی
کر لیا ہے منتخب آقا نے مدحت کے لئے
شاعر
ڈاکٹر مقبول 'منظر '
ڈالٹن گنج، پلامو
جھارکھنڈ
انڈیا